Thursday, May 12, 2016

وزیر اعظم تقریر کرکے پارلیمنٹ سے چلے جائیں گے ،اپوزیشن شور کرتی رہے گی:نجم سیٹھی




سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ حکومت کا ایجنڈا ہے کہ پاناما لیکس معاملہ کو طول دیا جائے جس میں وہ کامیاب رہی ، وزیراعظم پارلیمنٹ میں وہی بات کریں گے جوا ب تک کرتے آئے ہیں، ضرورت پڑی تو نواز شریف سعودی شاہی خاندان کے کسی فرد کا ایسا خط بھی لے آئیں گے جو کہے گا کہ ان کو پیسے میں نے دیئے تھے,ایوان میں  نواز شریف ممکنہ طور پر کہیں گے میرے اثاثوں کے گوشوارے الیکشن کمیشن میں موجود ہیں جو چاہے دیکھ سکتا ہے، پاناما لیکس میں میرا نام نہیں میرے بچوں کا نام ہے، اگر کمیشن میرے بچوں کو بلانا چاہے تو وہ احتساب کیلئے پیش ہوجائیں گے، اس مختصر تقریر کے بعد وہ اسمبلی سے رخصت ہوجائیں گے اور اپوزیشن شور مچاتی رہے گی۔
جیونیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں گفتگوکرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہاکہ پاناما لیکس پر اپوزیشن کا موقف تبدیل ہوتا رہا ہے جبکہ وزیراعظم نواز شریف اب تک ایک ہی بات کہتے آرہے ہیں وہی بات وہ پارلیمنٹ میں کہیں گے،کمیشن کے ٹی او آرز بننے اور انکوائری شروع ہونے میں اب بھی کئی مہینے لگ جائیں گے ، حکومت کا بھی یہی ایجنڈا تھا کہ پاناما لیکس کے معاملہ کو طول دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کے ٹریپ میں پوری طرح پھنس گئی ہے، اپوزیشن جتنی جلدی حکومت کو ساتھ بٹھا کر ٹی اوآرز فائنل کرکے تحقیقات شروع کروادے گی اتنا ہی معاملہ اپوزیشن کے حق میں جائے گا، جتنی دیر لڑائی جھگڑے چلیں گے اپوزیشن کو اتنا ہی نقصان ہوگا،اثاثوں کے حوالے سے ثبوت نواز شریف کو نہیں اپوزیشن یا انکوائری کمیشن کو لانا ہوں گے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ عمران خان فرسٹریشن کا شکار ہوگئے ہیں اسی لئے مسلسل موقف تبدیل کررہے ہیں، نیب کو تحقیقات کا کہنے والے عمران خان ماضی میں اسی نیب کو گالیاں دیتے رہے ہیں، نیب چیئرمین آج وہی صاحب ہیں جنہیں چیف سیکرٹری پنجاب لگانے سے مجھے عمران خان نے روکا تھا، عمران خان کی وجہ سے جج بھی کمیشن کا حصہ بننے سے گھبرارہے ہیں لیکن عمران خان کا سپریم کورٹ کے حاضر سروس ججوں پر مشتمل کمیشن بنانے کا مطالبہ بالکل درست تھا، حکومتی ٹی او آرز کو قبول نہ کرنا بھی عمران خان کا درست فیصلہ تھا، عمران خان کی طرف سے روزانہ مطالبات تبدیل کر نے سے حکومت کو فائدہ ہورہا ہے جبکہ عوام کنفیوذ ہورہی ہے۔

No comments:

Post a Comment

thanks for visiting blog